کوئٹہ (خ ن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر جنگلات سردار مسعود لونی کی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان عمران گچکی نے محکمہ کے افسران اور عملے کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں سال صوبہ بھر میں شجرکاری مہم کے ساتھ ساتھ درختوں کی مؤثر نگہداشت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ شجرکاری پر خطیر وسائل خرچ کیے جا رہے ہیں تاہم اصل کامیابی اسی وقت ممکن ہے جب لگائے گئے پودوں کی بقا اور افزائش پر بھرپور توجہ دی جائے انہوں نے کہا کہ اگر بعد از شجرکاری اقدامات مؤثر نہ ہوں تو قیمتی وسائل ضائع ہونے کا خدشہ رہتا ہے اس لیے تمام اضلاع میں جہاں جہاں شجرکاری کی گئی ہے وہاں فوری طور پر پانی کی فراہمی کے لیے واٹر ٹینکرز کو متحرک کیا جائے اور باقاعدہ عملہ تعینات کیا جائے جو پودوں کی دیکھ بھال، حفاظت اور افزائش کی نگرانی کرے سیکرٹری جنگلات نے ہدایت کی کہ ہر ضلع میں بعد از شجرکاری نگہداشت کا واضح اور قابلِ عمل منصوبہ مرتب کیا جائے جس میں آبپاشی کا شیڈول، ذمہ دار اہلکاروں کی تعیناتی اور مانیٹرنگ کا نظام شامل ہو۔