کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان پارلیمانی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی انجینیر عبدالمجید بادینی نے کہا ہے کہ ڈیرہ اللہ یار کا سب سے بڑا مسئلہ سیوریج ہے نمائشی ترقی نہیں ہوگی پہلے نکاسی آب پھر سڑکیں تعمیر ہوں گی تاکہ بہترین دیرپا معیاری ترقیاتی کام ہو ان خیالات کا اظہار انہوں نے بگن بابا کالونی ڈیرہ اللہ یار میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اللہ یار کا سب سے بڑا اور سنگین مسئلہ سیوریج کا ناقص نظام ہے جس کو حل کیے بغیر ٹف ٹائل لگاکر اور سڑکیں بناکر عوام کا پیسہ ضائع کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں انہوں نے کہا کہ ایک بڑے اور جامع منصوبے کے تحت سب سے پہلے شہر میں سیوریج سسٹم کی بحالی کا کام کیا جائے گا اس کے بعد پختہ سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد ہوگا انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں معیار و شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے سیوریج ، سڑکوں اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت مختلف مسائل پیش کیے جس پر ایم پی اے جعفر آباد نے بگن بابا محلہ میں پینے کے صاف پانی کے لئے فلٹر پلانٹ کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو واضح ہدایات جاری کیں۔