پانی کی کمیابی رہی تو خدانخواستہ قحط سالی کا خدشہ ہے، واٹر ایڈ پاکستان

March 23, 2023

اسلام آباد (جنگ نیوز) 22مارچ کو واٹر ایڈ پاکستان نے پورے ملک میں اکیڈیمیا، سول سوسائٹی، شعبہ جاتی پارٹنرز اور حکومت پاکستان کے اشتراک عمل سے ورلڈ واٹر ڈے منایا۔ اس موقع پر لوگوں میں پانی کے ضیاع کو روکنے کا شعور بیدار کرنے کیلئے آگہی مہم چلائی گئی جس میں عوام کو پانی کے استعمال میں کفایت شعاری کے عملی طریقوں سے روشناس کرایا گیا۔ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں پانی کی فی کس کمی 2025ء تک ایک ہزار مکعب میٹر تک گرنے کا امکان ہے۔ ایک مانیٹرنگ رپورٹ کے مطابق دو کروڑ سے زائد شہریوں کو پینے کے صاف پانی تک رسائی حاصل نہیں۔ اس حوالے سے واٹر ایڈ پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر عارف جبار خان کا کہنا ہے کہ پانی کی کمیابی سے ہماری زراعت کو شدید نقصان پہنچنے کے خدشات موجود ہیں جس سے خدانخواستہ قحط سالی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اس لئے پانی کی کنزرویشن عمل پر سنجیدگی سے توجہ دینا ہو گی۔ یاد رہے واٹر ایڈ پاکستان ایک غیر منافع بخش عالمی تنظیم ہے جو پاکستان میں صاف پانی، بہتر ٹائلٹ اور اچھی ہائی جین کے فروغ کیلئے دو دہائیوں سے عملی کوششوں کو پاکستان بھر میں فروغ دے رہی ہے۔