شجرکاری خطرناک موسمی اثرات سے بچنے کا موثر ذریعہ ہے، سید امین الحق

March 23, 2023

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے گہرے اثرات پاکستان پر مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ موسم برسات، گرمی میں اضافہ، غیر متوقع سیلاب، سردی و بہار کے موسموں میں تغیر ماحولیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے۔ ان خطرناک اثرات سے بچنے کیلئے شجر کاری سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ عوام اپنی آنیوالی نسلوں کیلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔ وہ بدھ کو فاطمہ جناح پارک ایف نائن میں یونیورسل سروس فنڈ اور سی ڈی اے کے اشتراک سے شجر کاری مہم کے آغاز پر گریپ فروٹ کا پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری ماحولیات ناز بلوچ، چیف ایگزیکٹو یو ایس ایف حارث محمود چوہدری، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے بھی پودا لگایا۔ وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ شجر کاری صدقہ جاریہ ہے جس کا ثواب تاقیامت ملتا رہے گا۔ پارلیمانی سیکرٹری ناز بلوچ نے کہا کہ تمام اداروں اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے چاہئیں۔