متحد رہیں گے تو دشمن اپنے عزائم پورے نہ کرسکے گا، چوہدری شہباز

March 23, 2023

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات چوہدری محمد شہباز بابر نے کہا ہے کہ ہمارا اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، ہم متحد رہیں گے تو دشمن اپنے مذموم عزائم کبھی پورے نہ کرسکے گا۔ پاکستان تحفہ خداوندی ہے جس کی قدر و منزلت اور تحفظ ہمارا مقصدِ حیات ہونا چاہئے۔ 23مارچ تجدید عہد کا دن ہے، آج ہمیں یہ عزم کرنا چاہئے کہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی اور اس کے دفاع کیلئے ہم اپنا تن من دھن قربان کردیں گے۔ وہ بدھ کو انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز (ڈی ای ایم پی) کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے ڈیجیٹل فوٹوگرافک ایگزبیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز طارق محمود، ڈائریکٹر فلم آصف الرحمٰن، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگزبیشن ڈی ای ایم پی فارینہ مغل کے علاوہ وزارت اطلاعات و نشریات کے افسران اور جڑواں شہروں کے طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔