الیکشن کمیشن مس کنڈکٹ کا مرتکب ہو رہا ہے، اشتیاق احمد

March 24, 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آپس کی بات“میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے صدر لاہور ہائیکورٹ بار اشتیاق احمد خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات ملتوی کرکے مس کنڈکٹ کا مرتکب ہورہا ہے،ترجمان مسلم لیگ ن، عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پہلے یہ فیصلہ تو کرلیں کہ اسمبلیاں صحیح تحلیل ہوئی ہیں یا نہیں ہوئی ہیں،سینئر صحافی و تجزیہ کار، منصور علی خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تو ہاتھ کھڑے کئے ہیں یہ وفاقی حکومت کے خلاف پوری چارج شیٹ ہے کہ یہ ہمیں پیسے دے رہے ہیں نہ یہ ہمیں سیکورٹی دے رہے ہیں تو ہم الیکشن کیسے کرائیں گے۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار اشتیاق احمد خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرانے کی جو وجوہات دیں سپریم کورٹ پہلے ہی مسترد کرچکی ہے، الیکشن کمیشن نے اب سپریم کورٹ کے انتخابات کروانے کے حکم پر عملدرآمد کرنا ہے، الیکشن کمیشن نے آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انتخابات کا شیڈول واپس لیا، الیکشن کمیشن انتخابات ملتوی کرکے مس کنڈکٹ کا مرتکب ہورہا ہے، وکلاء برادری قانون کی حکمران کیلئے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے ساتھ کھڑی ہے، اس کیلئے تحریک بھی چلانا پڑی تو تمام بار ایسوسی ایشنز اور بار کونسلز تیار ہیں۔ اشتیاق احمد خان کا کہنا تھا کہ ججوں میں ذاتی اختلاف نہیں فیصلوں میں اختلاف ہوتا ہے، حکومت سپریم کورٹ میں اختلافات پیدا کر کے ادارے کی تباہی کا باعث بنے گی۔