گولڈ لون اسکینڈل، ایف آئی اے کا گلبہار میں جیولرز شاپ پر چھاپہ

March 24, 2023

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) کراچی میں نجی بینک کے گولڈ لون اسکینڈل کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے ایف آئی اے نے کراچی کے علاقے گلبہار میں جیولر شاپ پر چھاپا مار کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا ، ذرائع کے مطابق ایف آئی اے گولڈ لون صارفین کے 106 جعلی کیسز کا تخمینہ مرتب کرنے والے جیولر سے پوچھ گچھ کر رہی ہے،الحاج رحیم داد جیولرز پر کارروائی میں بینک کے لئے مرتب تخمینوں کی دستاویزات، چیک بکس اور مصنوعی زیورات برآمد ہوئے ہیں اور جعلی گولڈ صارفین کو تخمینوں کے عوض جاری رقم کے اعداد شمار دیگر ریکارڈ بھی تحویل میں لیا گیا ہے، حکام کے مطابق ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل کے ہاتھوں گرفتار ملزم محمد حسن اختر منی لانڈرنگ میں بھی مبینہ طور پر ملوث ہے، درج مقدمے کے مطابق ملزم کی جعلسازی سے نجی بینک کو 400 ملین کا نقصان ہوا، ملزم نے اسکینڈل کی مرکزی ملزمہ عائشہ سے تخمینوں کی فراہمی کے عوض بیش قیمت گاڑی وصول کی، ملزم اسکینڈل کے حوالے سے عزیز بھٹی تھانے میں درج مقدمے میں بھی گرفتار ہو چکا ہے۔