الکحل کی قیمت فروخت متعارف، اسکاٹ لینڈ میں شراب سے اموات میں قابل ذکر کمی

March 24, 2023

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) ایک تازہ رپورٹ کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں الکحل کی کم از کم قیمت فروخت متعارف کرائےجانے کے بعد شراب سے ہونے والی اموات میں قابل ذکر کمی آئی ہے۔ میڈیکل میگزین لانیسٹ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق نئی حکمت عملی سے سالانہ 156افراد کو مرنے سے بچایا گیا ہے۔ شراب کے ایک یونٹ کی کم ازکم قیمت فروخت کا قانون 2018میں شروع کیا گیا تھااور ہر یونٹ پر 50پنس کاچارج عائد کیا گیا، اس سے سپر مارکیٹس میں الکحل کی قیمت فروخت میں 18فیصد تک اضافہ اور شراب کی فروخت میں تین فیصد کمی ہوئی اسکاٹ لینڈ میں 2012سے الکحل سے ہونے والی اموات کی شرح مسلسل بڑھ رہی تھی لیکن نیا چارج نافذ ہونے کے بعد 2018سے لے کر دسمبر2020تک کثرت شراب نوشی سے ہونے والی اموات میں 13.4فیصد کمی ہوئی۔ واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ میں سماجی اور اقتصادی طور پر پسماندہ علاقوں میں خوشحال علاقوں کی نسبت کثرت شراب نوشی سے ہونے والی اموات کی تعداد 5گنا زیادہ ہے شراب کے ایک یونٹ پرکم ازکم قیمت فروخت کا قانون نافذ ہونے سے پہلے اسکاٹ لینڈ میں انگلینڈ کے مقابلے میں شراب نوشی سے ہونے والی اموات کی تعداد دوگنا تھی لیکن اب یہ فرق بہت کم رہ گیا ہے۔