آسٹریا میں سفارتخانہ پاکستان کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی تقریب

March 24, 2023

ویانا(اکرم باجوہ) پاکستان کے قومی دن 23 مارچ کی مناسبت سے سفیرِ پاکستان آفتاب احمد کھوکھر کی زیر قیادت سفارتخانہ پاکستان ویانا کے لان میں تقریب منعقد کی گئی ، تقریب کا آغاز وجاہت حسن کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے یوم پاکستان کی تقریب میں سبز ہلالی پرچم بلند کیا، قومی ترانہ کےاختتام پر پاکستانی کمیونٹی نے تالیاں بجا کر قومی پرچم کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں سفیرِ پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغامات پڑھ کر سنائے ۔ سفیرِ پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے تقریب میں شرکت پر پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یوم پاکستان اور رمضان المبارک کی آمد کی مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ 23مارچ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کے ہمارے عزم کے اعادہ کا دن ہے۔ سفیر آفتاب احمد کھوکھر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ سفیر کھوکھر نے ترکی اور شام میں تباہ کن زلزلے کا سامنا کرنے والوں کے مصائب پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کمیونٹی کے ارکان سے کہا کہ وہ ان ممالک میں متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں۔آخرمیں پاکستان کی سلامتی خوشحالی ،سربلندی اور عوام کی بھلائی کیلئے دعاکی گئی۔