مردان ریجن میں مجرموں کے خلاف گرینڈ آپریشن، متعدد گرفتار

March 24, 2023

پشاور(نمائندہ خصوصی)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اور مردان ریجن کے ریجنل پولیس آفیسر محمد علی خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ مردان ریجن کے چار اضلاع مردان صوابی چارسدہ اور نوشہرہ کو کرائمز و ڈرگ فری اضلاع بنانے کے لئے پولیس کے بیس کمانڈوز دستے تشکیل دے کر چاروں اضلاع میں مجرموں کے خلاف دائر ہ تنگ کر کے مجرموں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے مجرموں کے خفیہ ٹھکانوں پر دن رات چھاپے مارے جا رہے ہیں اور مردان ریجن کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں مجرموں کا ہر جگہ پیچھا کیا جا رہا ہے۔ ڈپٹی انسپکٹر ۔جنرل آف پولیس محمد علی خان گنڈا پور نے خیبر یونین آف جرنلسٹس کے ممبر سید سبز علی شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجرموں کے خلاف کامیاب گرینڈ آپریشن سے مجرموں پر لرزہ طاری ہو گیاہے اور مجرموں کی سرگرمیاں ماند پڑگئی ہیں۔ منشیات فروشوں کے خلاف بھی دائرہ تنگ کر دیا گیا ہے۔ مردان ریجن میں ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی لگا دی گئی ہے عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کے موبائل و پیادہ دستوں اور رائیڈر سکواڈز کی دن رات گشت کا سلسلہ جاری ہے مردان ریجن میں جرائم کے خاتمے کے لئے علمائے کرام بلدیاتی نمائندوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کا بھی تعاون حاصل کر لیا گیا ہے۔ مجرموں کا قلع قمع کرنے کے سلسلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسروں اور جوانوں کو انعامات دیئے جائیں گے جبکہ فرائض سے غفلت برتنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔