پشاور(کرائمرپورٹر)پشاور کے علاقے رحمان بابا میں داماد نے رقم کے تنازعہ پر سسر اورجواں سالہ سالے کو گولیاں مار کر قتل کردیا جبکہ اس کا دوسرا سالہ فائرنگ سے بال بال بچ گیا، واردات کے بعد ملزم فرار ہوگیا جس کے خلاف دوہرے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ گزشتہ روز تھانہ رحمان باباپولیس کو 16سالہ شہزاد ولد جاوید خان ساکن گرھی حیات خان نے بتایاکہ گھڑی حیات خان میں گھر کے قریب وہ اپنے والد جاوید ولد لعل شیر بعمر46سال ،بھائی سلمان بعمر24سال او راس کا بہنوئی امجدکے ہمراہ بیٹھے ہوئے تھے اس دوران بھائی سلمان اور بہنوئی امجد کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوئی جس پر ملزم امجد نے پستول نکال کر ہم پر فائرنگ شروع کردی جس سے وہ بال بال بچ گیا تاہم والد اور بھائی گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ مدعی نے بتایاکہ واردات کے بعد بہنوئی ملزم امجد سکنہ گجرآباد پھندوفرار ہوگیا،انہوں نے بتایاکہ ملزم کے ساتھ بھائی کا رقم تنازعہ چلا آرہا تھا ، واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی اور انہوں نے خالی خول ودیگر اہم شواہد اکٹھی کرکے نعشیں پوسٹمارٹم رپورٹ کیلئے منتقل کردی اور ملزم کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی ہے ۔