پشاور ( کرائم رپورٹر) لڑکے کے اغواءکا ڈراپ سین ہوگیا ، لڑکے نے ورکشاپ سے چھٹکارا پانے کیلئے اغواءکا جھوٹا ڈرامہ رچایا جسے اسلام آباد سے بازیاب کرکے تھانے منتقل کردیا گیا۔ عبدالرحمان شعبہ بازار میں مکینک کی دکان میں شاگرد ہے جسکے والدمحمد اعجاز ساکن کاکشال نے 21 دسمبر کو رپورٹ کی کہ بیٹے کو صبح کام کیلئے چھوڑ کرآیا ، بعد میں پتہ چلا کہ اسے اغواءکیاگیا ہے اور اغواءکار 10لاکھ کا تقاضہ کررہے تھے۔ ایس ایچ او شرقی انعام خان کے مطابق وہ لڑکے کے موبائل فون کے ذریعے اس تک پہنچے جو اسلام آباد میں کبھی سڑک اور کبھی مسجد میں رات گزارتا۔ ملزم اپنے وٹس ایپ نمبر سے والد کو کال کرکے 10لاکھ کا تقاضہ کرتارہا جبکہ اپنی ایک ویڈیو بھی بھیجی کہ اغواءکاروں نے اسے دوسرے مغویوں کے ساتھ رکھا ہے اور رقم ادا نہ کرنے پر وہ اسے قتل کردینگے۔ پولیس کاکہناہے کہ بازیاب لڑکے نے بتایاکہ بیماری کیوجہ سے اس نے کئی دنوں کی چھٹیاں کیں تاہم والد اسے دوبارہ کام پر لے گیاجس پر اس نے یہ ڈرامہ رچایا۔ عبدالرحمان کو آج عدالت میں پیش کیاجائیگا جس کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔