• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گودام پر چھاپہ 100 کلو ریکریئشنل ڈرگ پاؤڈر برآمد

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا کے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول نے انسدادِ منشیات کے حوالے سے پشاور میں ایک کارروائی کے دوران بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ تھانہ ایکسائز پشاور ریجن کی ٹیم نے ایک گودام پر چھاپہ مار کر 100 ہزار گرام (100 کلو) ریکریئشنل ڈرگ پاؤڈر برآمد کر لیا جبکہ دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ کارروائی منشیات کے خلاف صوبائی حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی اور وزیر ایکسائز سید فخر جہان کی جاری کردہ ہدایات کے تسلسل میں عمل میں لائی گئی جس کی نگرانی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر ماجد خان نے کی جبکہ ایس ایچ او تھانہ ایکسائز پشاور ڈاکٹر حمید خان، ایڈیشنل ایس ایچ او امجد پراچہ اور دیگر نفری نے اس میں حصہ لیا۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق برآمد شدہ پاؤڈر ہیروئن، آئس اور دیگر خطرناک منشیات میں ملا کر ان کے اثرات کئی گنا بڑھانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے جو عوامی صحت کے لئے نہایت مہلک ہے۔ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن ونارکوٹکس کنٹرول نے واضح کیا ہے کہ منشیات فروشوں اور عوامی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
پشاور سے مزید