رواں سال سب سے مختصر اور طویل دورانیے کے روزے کن ممالک میں ہوں گے؟

March 24, 2023

فائل فوٹو

دنیا کے بیشتر ممالک میں گزشتہ روز جبکہ کچھ ممالک میں آج سے رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا ہے۔

ماہ رمضان میں دنیا بھر کے مسلمان اپنے مقامی وقت کے مطابق روزے رکھتے ہیں اور تمام ممالک میں طلوعِ آفتاب اور غروبِ آفتاب کے حساب سے سحر و افطار کے اوقات مختلف ہوتے ہیں۔

رواں سال دنیا کے مختلف ممالک میں روزے کا دورانیہ ساڑھے 11 سے 18 گھنٹے کے قریب ہوگا۔

روزے کا مختصر دورانیہ

رواں سال لاطینی امریکی ملک چلّی میں روزے کا دورانیہ سب سے مختصر ہوگا۔اس ملک میں روزے کا اوسط دورانیہ 11 گھنٹے 30 منٹ ہوگا۔

اس کے بعد جنوبی افریقا، ارجنٹینا، نیوزی لینڈ، پیرا گوئے اور یورو گوئے میں11 سے 12 گھنٹے، برازیل، زمبابوے اور انڈونیشیا میں 12 سے 13 گھنٹے جبکہ سنگا پور، ملائیشیا، سوڈان اور یمن میں روزے کا دورانیہ 13 سے 14 گھنٹے ہوگا۔

روزے کا طویل دورانیہ

یورپی ملک آئس لینڈ کے بیشتر حصوں میں روزے کا دورانیہ سب سے طویل ہوگا جوکہ تقریباََ 17 سے 18 گھنٹے طویل ہوگا۔

اس کے بعد گرین لینڈ، فرانس، پولینڈ اور انگلینڈ میں 16 سے 17 گھنٹے، یونان، پرتگال، چین، امریکا، ترکیہ، کینیڈا اور شمالی کوریا میں 15 سے 16 گھنٹے جبکہ پاکستان، جاپان، ایران، عراق، شام، فلسطین، بھارت، متحدہ عرب امارات، قطر اور سعودی عرب میں روزے کا دورانیہ 14 سے 15 گھنٹے طویل ہوگا۔