لیاری میں بجلی و گیس کا بحران، مختلف علاقوں میں مظاہرے

March 25, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) لیاری میں بجلی و گیس بحران کے خلاف رکن سندھ اسمبلی و امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبدالرشید کی اپیل پر چاکیواڑہ ، فٹبال ہاؤس ، بہارکالونی ،شاہ ولی اللّٰہ روڈ ،آٹھ چوک اور غریب شاہ سمیت تمام مساجد کے باہر بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کیے گئے، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ بلوں کی ادائیگی کے باوجود اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ فوری بند کی جائے، ماہ مبارک میں وضو کے لیے پانی کا اہتمام کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے ،13 گھنٹے بجلی بند رہتی ہے،بہارکالونی میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے نامزد چیئرمین یوسی 2 سید جواد شعیب کا کہنا تھا کہ بہارکالونی کے پانچوں فیڈرز 80 فیصد بلنگ کرتے ہیں ،کے الیکٹرک نے ایس او پی کے مطابق لوڈشیڈنگ کم نہ کی تو بل نہ بھرنے کی تحریک چلانے کا اعلان کر دیں گے، جب بل بھرتے ہیں تو بجلی ہمارا حق ہے جو بل نہیں بھرتے انکی بجلی کاٹیں کنڈے ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کریں کس نے روکا ہے، اب یہ بدمعاشی بند ہونی چاہیے، دیگر احتجاجوں میں حفیظ بلوچ ، ہدایت اللّٰہ بلوچ ، سمیر بلوچ فیصل عمرانی سمیت دیگر نے خطاب کیا، سید عبدالرشید کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سستے آٹے کے تماشے لگانے کی بجائے لیاری کی عوام کے گینگ وار دور کے واجبات ادا کرے،6گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے،رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے سندھ حکومت کے الیکڑک مظالم کی سرپرستی میں مصروف ہے۔