الٹرالو ایمیشن زون میں توسیع، سات لاکھ ڈرائیورز کویومیہ ساڑھے 12 پونڈز ادا کرنا ہوں گے

March 26, 2023

لندن (سعید نیازی) رواں برس 29اگست سے الٹرالو ایمیشن زون میں توسیع سے تقریباً سات لاکھ ڈرائیورز کوگاڑی چلانےکی صورت میں روزانہ کی بنیاد پر ساڑھے 12پائونڈ ادا کرنا ہوں گے جس کے ڈرائیورز کے علاوہ تجارتی اداروں پر بھی گہرے مالی اثرات مرتب ہوں گے۔ اس بات کا اظہارآر اے سی نے ایک تحقیقی تجزیہ میں کیا ہے۔ الٹرالوایمیشن زون فی الحال سائوتھ اور نارتھ سرکلر کے اندرونی علاقےمیں نافذ ہے لیکن میئرلندن صادق خان ہوا کے معیارکوبہتربنانےکیلئے اسےگریٹرلندن تک توسیع دے رہے ہیں اور29 اگست کے بعدستمبر 2015سے پہلےرجسٹر ہونے والی ڈیزل اورجنوری 2006سے پہلے رجسٹر ہونے والی بیشترپیٹرول کاروں پر اس کا نفاذ ہوگا۔ ڈرائیور اینڈ وہیکل لائسننگ ایجنسی کے اعدادوشمار کے مطابق پورے لندن میں 691,559ایسی کاریں موجود ہیں جنہیں چلانےکی صورت میںساڑھے 12پائونڈ ادا کرنا ہوں گے، جبکہ اس تعدادمیں ان دیگر گاڑیوں مثلاً وین، لاری وغیرہ کو شامل نہیں کیاگیاہے جو پڑوسی کائونٹیز سسکس، ہرٹفورڈ شائر، سرے اور کینٹ سے لندن میںداخل ہوتی ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ فار لندن کادعویٰ ہے کہ لندن کے نواحی علاقوں میں چلنے والی ہر 10میں سے 9کاریں لوایمیشن زون کے معیارپر پورااترتی ہیںاس لئے انہیں اضافی چارجز ادا نہیں کرنے پڑیں گے اور متعدد ڈرائیورز کاریں بھی تبدیل کر رہے ہیں۔ آر اے سی کے ہیڈ آف روڈ پالیسی نکولس لیز کا کہناہے کہ لندن کی فضا کو بہتر بنانا یقیناً ترجیح ہونی چاہئے۔ لیکن اس اقدام سے لاکھوں افراد پر گہرے معاشی اثرات مرتب ہونگے اور این ایچ ایس ورکرز، کیئررز اورچھوٹےکاروبار سے وابستہ ایسے افرادجنہیں لازماً لو ایمیشن زون میں داخل ہونا ہے۔ ان کے مسائل کے حل کیلئے میئر اورحکومت کے درمیان تعاون کی اشد ضرورت ہے اور ان لوگوں کے بارے میں بھی سوچا جائے جو لوگ رات میں کام کرتے ہیں جس وقت انتہائی محدود پبلک ٹرانسپورٹ دستیاب ہوتی ہے۔ ٹرانسپورٹ فارلندن نے کم آمدنی والوںاور معذور افراد کوپرانی کار اسکریچ کرنے کے بدلے دو ہزار پائونڈ اور چیرٹی اداروں، چھوٹے بزنسز، سول ٹریڈر کی وین یا منی بس کو اسکریچ کرکے نئے خریدنے کیلئے ساڑھے نو ہزار پائونڈ کی رقم بھی ادا کر رہی ہے۔ مسٹر لیز نے میئر لندن صادق خان سے کہا ہے کہ وہ ایم کی ورکرز کیلئے چارجزمیں تاخیر کردیں اور ٹی ایف ایل کے لیزنگ کمپنی کے تعاون سے چھوٹے تاجروں کو کم ماہانہ اقساط پر گاڑی فراہم کرے کیونکہ مختصر وقت میں تمام افراد کیلئے گاڑیاں تبدیل کرنا ممکن نہیں ہوگا خصوصاًایسے وقت میںجبکہ بڑھتے اخراجات زندگی کے سبب لوگوں کاگزارہ پہلے ہی مشکل سے ہو رہا ہے اورسکینڈ ہینڈ کاریں بھی بہت مہنگی ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایف ایل کی طرف سے پرانی گاڑیوں کو تبدیل کرنے کیلئے متعارف کرائی گئی اسکیم میںبڑے پیمانے پر توسیع کی ضرورت ہے کیونکہ اس کے تحت تو اولمپک سائز کے سوئمنگ پول کے پانی کو پلگ ہول سےنکالنے کے مترادف ہوگا میئر لندن صادق خان کا کہنا ہے کہ الٹرا لوایمیشن زون میں توسیع کا مقصد آلودگی کا سبب بننے والی گاڑیوں کوشاہراہوں سے ہٹانا ہے تاکہ لندن کے باسیوںاورماحول کی حفاظت کی جا سکے۔ انہوںنے کہا کہ لوگ، تجارتی اداروں اور چیرٹیز کی صورتحال کوسمجھتے ہیں اور وہ تیاری بھی کر رہے ہیں اور ابھی ہوا کے معیار کوبہتربنانے کیلئے مزید اقدامات کی بھی ضرورت ہے۔