تیونس میں تارکین وطن کی چار کشتیاں ڈوب گئیں

March 26, 2023

تیونس سٹی (نیوز ڈیسک) تیونس میں اچھے مستقبل کے لیے بحیرہ روم کے راستے غیر قانونی طور پر اٹلی جانے والے تارکین وطن کی 4کشتیاں ڈوب گئیں اب تک 5 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 33افراد لاپتہ ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ موسم کی خرابی کے باعث پیش آیا۔ کشتیوں میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے اس لیے کشتیاں ہواؤں اور پانی کے تھپیڑوں کو برداشت نہیں کرپائیں اور الٹ گئیں۔ ریسکیو ادارے کے تیراکوں نے سمندر سے 4تارکین وطن کی لاشیں نکالی ہیں جب کہ 84کو بحفاظت نکال لیا گیا تاہم 33 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کے زندہ مل جانے کی امیدیں دم توڑنے لگی ہیں۔دنیا بھر میں کساد بازاری، مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے باعث تارکین وطن کی بڑی تعداد روشن مستقبل کی تلاش میں غیر قانونی طور پر یورپی ممالک کا رخ کر رہے ہیں۔رواں ماہ ہی دو الگ الگ واقعات میں کشتیاں ڈوبنے سے 10 پاکستانیوں سمیت درجنوں تارکین وطن ہلاک ہوگئے تھے تاہم سخت نگرانی کے باوجود ایسے واقعات کو تاحال روکا نہیں جا سکا ہے۔