تاجروں و عوام کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کی جائیگی‘ پشتونخوامیپ

March 26, 2023

کوئٹہ ( پ ر ) پشتو نخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ندا سنگر ، شار علاقائی سیکرٹری سید عبداللہ آغا اور سینئر معاون حیات کاکڑ نے کہا ہے کہ پارٹی میں تاجروں اور نوجوانوں کی شمولیت نیک شگون ہے ،پشتونخوا میپ کوئٹہ کے تاجروں کے مسائل حل کرنے میں انکے ساتھ ہے اور ماضی کی طرح شہر کے تاجروں اور عوام کے ہر مسئلے پر آواز بلند کرے گی اور تاجروں کے خلاف ہونے والے ہر منفی اقدام کی مخالفت کی جائے گی۔ تاجر قومی تحریک کی جدو جہد میں اپنا قومی کردار جرأت کے ساتھ ادا کریں۔ وہ آرٹ سکول روڈ پر 32 تاجروں و جوانوں کی پارٹی میں شمولیت اور نئے ابتدائی یونٹ کے قیام کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر عبدالواسع افغان یونٹ سیکرٹری اور ثناء اللہ سینئر معاون سیکرٹری کی قیادت میں گیارہ رکنی ایگزیکٹوکا انتخاب عمل میں لایا جس سے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ندا سنگر نے حلف لیا ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ جنوبی پشتونخوا کا مرکز اور تاریخی شہر ہے اور ہمارے وطن کے عوام کاروزگار پیدا کرنے کا ذریعہ ہے۔ شہر میں امن و امان بلا تمیز تمام عوام کے سرومال کے تحفظ اور کاروبار کرنے والے ہر شعبہ زندگی کے تاجروں کے مسائل کا حل اور شہر کے باسیوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین شرط ہے ۔ پشتونخوا میپ تاجروں اور یہاں کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور آواز بلند کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی اور علاقائی یونٹوں کا قیام اور انکی اہمیت کو جاننا ہر کارکن کیلئے لازم ہے پارٹی تنظیم کے یونٹوں کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہو کر اپنی جدوجہد کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔