رمضان المبارک میں خون کے عطیات میں 70 فیصد کمی

March 26, 2023

کراچی(بابر علی اعوان /اسٹا ف رپورٹر) معروف ماہر امراض خون ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں خون کے عطیات میں 7فیصد کمی ہو جاتی ہے جس سے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں سمیت دیگر مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہوجاتے ہیں ۔ انہوں نے عوام بالخصوص جوانوں سے درخواست کی کہ خون کے عطیات دیں تاکہ خون کی کمی کو پورا کیا جاسکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ خون کا عطیہ دینے سے صحت پر کوئی مضر اثرات نہیں پڑتے بلکہ یہ صحت کے لئے فائدہ مند ہوتا ہے ۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری نے بتایا کہ شدید گرمی اورطویل روزوں کے باعث شہریوں کی جانب سے خون کے عطیات نہیں کیے جارہے اور ہمیں خون بالخصوص او گروپ کے خون کی کمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اگر یہی صورتحال رہی تو ضرورت مند مریضوں کو خون فراہم کرنا مشکل ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بزرگ افراد اور خواتین خون کے عطیات نہ دیں لیکن نوجوان اور جوان افراد افطاری کے بعد خون کے عطیات دیں اس سے ان کی صحت پر کوئی مضر اثرات نہیں پڑیں گےبلکہ یہ فائدہ مند ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خون عطیہ کرنے سے ہارٹ اٹیک میں کمی ، قوت مدافعت میں اضافہ اور انسانی جسم میں پرانے خون کی جگہ نیا ، صحت منداور تازہ خون بن جاتا ہے جبکہ موٹاپے میں بھی کمی ہوتی ہے۔