کراچی( ٹی وی رپورٹ) میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کو 1991 کے کوٹے سے زائد پانی مل رہا ہے، سابق سیکرٹری خزانہ،سابق نگراں صوبائی وزیر محمد یونس ڈھاگا نے کہا کہ سندھ کو 90فیصد اور وفاق کو 60 فیصد ٹیکس دینے والا کراچی وسائل سے محروم ہے۔وہ جیو نیوزکے پروگرام’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کررہے تھے۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میںکہا کہ کراچی کو روزانہ 1300 ملین گیلن پانی درکار، 50 فیصد کی قلت برقرار،کراچی میں شہری مہنگے ٹینکر سے پانی خریدنے پر مجبور، کراچی معاشی حب ہونے کے باوجود انفرااسٹرکچر کے مسائل کا شکار ہے اور سب سے سنگین مسئلہ پانی کا ہے۔تفصیلات کے مطابق پروگرام میںشاہزیب خانزادہ نے مزید کہا کہ سابق سیکرٹری خزانہ محمد یونس ڈھاگا کے مطابق کراچی کو روزانہ بارہ سو سے تیرہ سو ملین گیلن پانی درکار ہے جس میں سے اسے تقریباً پانچ سو پچاس ملین گیلن کینجھر جھیل اور سو ملین پانی حب ڈیم سے ملتا ہے۔