شام میں جوابی حملوں کے بعد امریکا، ایران کی ایک دوسرے کو دھمکیاں

March 26, 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) شام میں امریکی فوجی اڈے پر مبینہ ڈرون حملے کے بعد امریکا کے ایران سے منسلک فوجی اڈوں پر حملوں کے بعد واشنگٹن اور تہران نے ایک دوسرے کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں ۔ امریکا کے صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ تنازع نہیں چاہتے تاہم ا نہوں نے دھمکی دی ہے امریکا اپنے شہریوں کے تحفظ کیلئے طاقت کے استعمال سے گریز نہیں کرینگے ، ایران کے سکیورٹی ادارے کے ایک ترجمان نے ہفتے کے روزکہا ہے کہ شام میں ایران سے منسلک فوجی اڈوں پرحالیہ حملوں کا فوری جواب دیا جائے گا۔شامی جنگ کی نگرانی کرنے والی برطانوی مبصر تنظیم نے کہا ہے کہ ایرانی اڈوں پر حملوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 19 ہوگئی ہے ۔ان حملوں کے بعد جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب دیر الزور میں امریکی فوجی اڈے پر مزید میزائل حملے کئے گئے جس کے رد عمل میں امریکی اتحاد کے طیاروں نے شام میں مختلف مقامات پر بمباری کی ہے ۔