آئی جی پنجاب کی میچز ڈیوٹی کے دوران پولیس کواچھا کھانا نہ ملنے پرمعذرت

March 26, 2023

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)آئی جی پولیس پنجاب نے پی ایس ایل میچوں کی ڈیوٹی کے دوران راولپنڈی پولیس کواچھاکھانانہ ملنے پرمعذرت کرلی۔ یکم سے 12مارچ تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان سپرلیگ 8کے میچزکھیلے گئے تھے۔ 12روزتک راولپنڈی میں جاری رہنے والے ایونٹ کی سیکورٹی کیلئے راولپنڈی پولیس کے تقریباً پانچ ہزار افسروں اورجوانوں نے سیکورٹی ڈیوٹی سرانجام دی تھی جب کہ اس دوران جوانوں کوفراہم کئے گئے ناقص کھانے کی شکایات منظرعام پرآئی تھیں جس پر ایکشن لیتے ہوئے بعدازاں آرپی او اورسی پی اوراولپنڈی نے ڈیوٹی پرموجودملازمین کو بہترکھانے کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے تھے ۔اس حوالے آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے ہفتہ کو راولپنڈی پولیس کے نام جاری کئے گئے اپنے آڈیوپیغام میں کہاکہ پنڈی پولیس کے افسروں اورجوانوں پی ایس ایل کی ڈیوٹی بہت دن پہلے ختم ہوگئی لیکن اس کی شاباش کاپیغام میں آپ کوآج دے رہاہوں ۔آپ نے ایک بہت اچھے ٹورنامنٹ ،پاکستان کے بیسٹ برینڈکی بہت اچھی ڈیوٹی کی ،بہت بہادری سے ،بہت جواں مردی سے ،مشکل حالات اوردہشت گردی کے خطرے کے باوجود، آپ کوشاباش،ویل ڈن ۔ میں یہ بتاتاہوں کہ میں یہ پیغام لیٹ کیوں بھیج رہاہوں کیوں کہ میں شرمندہ ہوں ،کیوں کہ ہم نے آپ کواتنااچھاکھانانہیں دیاجتنا آپ سے وعدہ کیاتھا،مجھے یقین ہے کہ ہماری تمام ایڈمنسٹریشن آئندہ اس کوتاہی کا ازالہ بھی کرے گی اورآپ کی فلاح وبہبوداورویلفئیرکاپہلے سے بہترخیال رکھے گی۔