دوسرا ٹی 20، جنوبی افریقا عالمی ریکارڈ کارکردگی دکھا کر کامیاب

March 27, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) جنوبی افریقا نے ریکارڈ ساز کارکردگی دکھاتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل چھ وکٹ سے جیت لیا ۔ سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔ اتوار کو سنچورین میں جنوبی افریقا نے259رنز کا ہدف حاصل کرکے ٹی20انٹرنیشنل کا نیا ورلڈ ریکارڈ بنا دیا۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف جنوبی افریقا نے سب سے بڑا کامیاب تعاقب مکمل کرلیا۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف244رنز کا ہدف کامیابی سے عبور کیا تھا۔ سپر اسپورٹس پارک میں دونوں ٹیموں کا سب سے بڑا مجموعی ٹوٹل بھی بن گیا۔ ٹی20انٹرنیشنل میں پہلی مرتبہ مجموعی طور پر پانچ سو سے زائد رنز بنے ۔ جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان مجموعی طور پر517رنز بنے ہیں۔میچ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بن گیا۔ دونوں ٹیموں نے35چھکے لگائے۔ اس سے قبل 2022میں بلغاریہ اور سربیا کے میچ میں 33چھکے لگے تھے۔ ویسٹ انڈیز نے22 چھکے لگاکر ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا افغانستان کا ریکارڈ بھی برابر کیا۔ میچ میں مجموعی طور پر ریکارڈ 394رنز چوکوں اور چھکوں کی مدد سے اسکور ہوئے۔ اس سے قبل ایک میچ میں باؤنڈریز سے سب سے زیادہ رنز344بنے تھے۔ جنوبی افریقا نے اس فارمیٹ کا ایک اور نیا عالمی ریکارڈ بنادیا۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف پاوور پلے میں جنوبی افریقا نے بغیر کسی نقصان کے102رنز بنائے۔ اس سے قبل پاور پلے کا سب سے بڑا ٹوٹل 98رنز ویسٹ انڈیز کا تھا۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ اوورز میں5وکٹ پر258رنز بنائے۔جانسن چارلس نے46گیندوں پر 118رنز کی اننگز کھیلی، جس میں10چوکے،11چھکے شامل تھے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے تیز ترین سنچری کا نیا ریکارڈ بنادیا ،39گیندوں پر سو رنز مکمل کیے۔کائل میئرز نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔