مصر: قدیم مندر سے مینڈھوں کے دو ہزار حنوط سر دریافت

March 27, 2023

قاہرہ(اے ایف پی)مصر میں ماہرین آثار قدیمہ نے فرعون رعمسیس ثانی کے دور کے مندر میں نذرانے کے طور پر قربان کیے گئے دو ہزار سال سے زیادہ قدیم مینڈھوں کے سر دریافت کیے ہیں جو حنوط شدہ ہیں۔اس بات کا انکشاف مصر کی وزارت سیاحت و نوادرات نے اتوار کو کیا۔ان سروں کے ساتھ نیویارک یونیورسٹی سے وابستہ امریکی ماہرین آثار قدیمہ کی ایک ٹیم نے قدیم مصری شہر ابیدوس سے حنوط شدہ جانور دریافت کیے ہیں جن میں کتے، بکریاں، گائے، ہرنیں اور نیولے شامل ہیں۔ابیدوس جنوبی مصر میں واقع آثار قدیمہ کا ایک معروف مقام ہے جو اپنے مندروں اور مقبروں کے لیے مشہور ہے۔امریکی مشن کے سربراہ سامح اِسکندر نے بتایا کہ مینڈھوں کے یہ سر مندر میں نذرانے کے طور پر پیش کیے گئے تھے جو شاید رعمسیس ثانی کی پرستش کرنے والے گروہ نے ان کی ہزارویں برسی کے موقع پر چڑھائے ہوں گے۔رعمسیس ثانی نے 1304سے 1237قبل مسیح تک تقریباً سات دہائیوں تک مصر پر حکومت کی تھی۔