خود ساختہ مہنگائی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی، سیکرٹری زراعت

March 27, 2023

کوئٹہ(خ ن)سیکرٹری زراعت امید علی کھوکھر نےسستا رمضان بازار میزان چوک اور جوائنٹ روڈ کا دورہ کیا۔انہوں نے زراعت و باہمی امور ڈیپارٹمنٹ کے سٹالزکا معائنہ بھی کیا،اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری زراعت نصیر خان مندوخیل بھی ان کے ہمراہ تھے ۔سیکرٹری زراعت امید علی کھوکھر نے کہا کہ رمضان میں شہریوں کو ریلیف دینے کی غرض سے سستا بازار قائم کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو سبزیوں کی کوالٹی برقرار رکھنے کی ہدایت دی اور انہیں صوبے بھر میں مزید ستا بازار کھولنے کی ہدایات دیں۔ سیکرٹری زراعت کا مزید کہنا تھا کہ خودساختہ مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جبکہ عوامی شکایت پر حکومت فی الفور ایکشن لے گی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری زراعت نصیر خان مندوخیل نے کہا کہ شہریوں کو زندگی کے تمام شعبوں میں ریلیف دینا حکومت کی ترجیح ہے۔