• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں پشتون ماں بیٹی کی بے حرمتی قابل مذمت ہے، پشتونخوانیپ

کوئٹہ (این این آئی) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں سندھ کے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں ایک پشتون ماں اور اس کی معصوم 11 سالہ بیٹی کے اغوا، بے حرمتی اور غیر انسانی سلوک کے دل دہلا دینے والے واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ اس دلخراش واقعے نے نہ صرف پشتون قوم بلکہ پورے ملک کے باشعور عوام کو شدید صدمے، غم و غصے اور اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جرائم پیشہ عناصر نے پہلے مغوی خاتون سے 30 لاکھ روپے تاوان طلب کیا، بعدازاں منت سماجت اور بے بسی کے عالم میں 15 لاکھ روپے پر معاملہ طے کیا گیا۔ مجبور، لاچار اور بے سہارا ماں اپنی معصوم بیٹی کی جان بچانے کی خاطر رقم لے کر کچے کے علاقے میں پہنچی، مگر وہاں اس کے ساتھ جو انسانیت سوز ظلم روا رکھا گیا، اس نے ہر حساس انسان کے دل کو چیر کر رکھ دیا۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے وفاقی حکومت، سندھ حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ سیکیورٹی حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مغوی ماں اور اس کی معصوم بیٹی کو فوری اور بحفاظت بازیاب کرایا جائے، اس بہیمانہ جرم میں ملوث تمام عناصر کو فی الفور گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے۔ پریس ریلیز میں تمام سیاسی جماعتوں، انسانی حقوق کی تنظیموں، وکلاء برادری، سول سوسائٹی، صحافیوں، دانشوروں، خواتین تنظیموں اور انصاف پسند حلقوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اس انسانیت سوز واقعے پر خاموشی اختیار نہ کریں بلکہ مظلوم ماں اور بچی کی آواز بن کر ظلم، بربریت اور ناانصافی کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
کوئٹہ سے مزید