ملکی ترقی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا، مولانا عبدالصمد

March 27, 2023

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما سابق صوبائی وزیر مولانا عبد الصمد اخوندزادہ نے کہا ہے کہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ، ترقی وسلامتی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ملک کی ترقی اور سلامتی ہماری بقاء کی ضامن ہے،اسلامی نظام کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے اوراسلامی نظام کے نفاذ سے تمام مسائل خود بخود حل ہو جائیں گے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلام ایک پرامن مذہب ہے جو ہمیں امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ملک میں اسوقت اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر ہم مثبت سوچ رکھتے ہیں اس سوچ کو لے کر نکلے ہیں اور اس میں سرخرو بھی ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا اہم ملک ہے، پاکستان کے خلاف کفری طاقتیں سازشوں میں مصروف ہیں جن کا مقابلہ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد کا مقصد اسلامی نظام کا مکمل نفاذ ہےاس سلسلے میں ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔