عوام غربت کے خاتمے کیلئے ہمارا ساتھ دیں، الخدمت فاؤنڈیشن

March 28, 2023

کوئٹہ(پ ر)الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے صدر انجینئر جمیل احمدکرد نے کہاہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن صوبہ بھر کے بڑے شہروں میں یتیموں کی کفالت ،غرباء ومساکین کی مددسمیت دیگرسماجی فلاحی کاموں کیلئے ڈونرکانفرنسزکا انعقاد کر رہی ہے۔ مخیر حضرات اپنی زکوٰة ،صدقات وعطیات الخدمت فاؤنڈیشن کو دیں۔ رمضان المبارک میں بھی خوردنی اشیاء وراشن کی تقسیم اورافطاری کے موقع پرمختلف شہروں میں دسترخوان سجائے جاتے ہیں۔مخیر حضرات اور رضاکار ہمارااثاثہ ہیں ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے زیارت میں ڈونرکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،کانفرنس سے اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ بن عارف ،شبیر احمد پرنسپل الہجرہ ریزیڈنشل سکول وکالج ،زرک خان بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ،حسیب اللہ موسیٰ خیل ،ڈاکٹر سرفراز ،روشن خان ،مولانا شریف اللہ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع زیارت حاجی اخترکاکڑ، شعیب زیارتوال ،محمد ہاشمی ،احمد جان ،جمیل پشتون ، عبدالقدوس دمڑ،نصروشاہین،ہدایت اللہ باور،مفتی محمد شفیق ،مجیب عرفان سمیت دیگر نے خطاب کیا انہوں نے زیارت سمیت بلوچستان بھر میں ہر مصیبت پریشانی وآفت میں بہترین دیانت داری سے خدمات سرانجام دینے پر الخدمت فاؤنڈیشن کو مبارک باد اور ہرقسم کے تعاون کا یقین دلایا ڈونر کانفرنس میں لاکھوں نقدی ووعدوں کا اعلان ہوا ۔انجینئر جمیل احمدکردنے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن نے گزشتہ سال بلوچستان میں سترکروڑروپے جس میں سیلاب زدگان کی خدمت کے 58کروڑبھی شامل ہیں خرچ کئے ۔ سیلاب متاثرین خیمہ بستیاں ، خوراک رہائش وتعلیم ، راشن ،مفت میڈیکل کیمپس ،پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے ٹینکرز، تیارکھانے ، بے گھر افرادکیلئے گھر ،علاج کیلئے ہسپتال، ایمبولینس، یتیم بچوں کی کفالت سمیت مختلف پراجیکٹس چل رہے ہیں۔کوئٹہ بروری روڈ پر پچاس بیڈ کا جدید ہسپتال تعمیر کے آخری مراحل میں ہے ۔الخدمت خواتین ونگ بھی ہر سطح پر سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور الخدمت کیساتھ شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں۔الخدمت زندگی کے تقریباً تمام شعبوں میں کام کر رہی ہے۔ بلوچستان کے عوام غربت جہالت کے خاتمے کیلئے ہمارا ساتھ دیں ۔