بڑھتی قیمتیں، عوام کی10 ر مضان تک فروٹ بائیکاٹ مہم شروع

March 28, 2023

راولپنڈی(خبر نگار خصوصی)فروٹ اور اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ اور ضلعی انتظامیہ کی بے حسی کے خلاف شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گزشتہ روز سے پھلوں کا بائیکاٹ شروع کر دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں دنیا بھر میں حتیٰ کہ یہودی اور کرسچین ممالک میں بھی فروٹ، سبزیوں سمیت اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آدھی کر دی گئی ہیں لیکن ہمارے ہاں مہنگائی مافیا نے روزہ داروں کےلئے قیمتیں سو فیصد بڑھا دی ہیں۔ بڑھتی قیمتوں کے باعث غریب عوام اپنے بچوں کےلئے افطاری کے وقت فروٹ تو دور کھجوریں لینے سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی مافیا کے ہتھکنڈے ناکام بنانے کےلیئےعوام نے فروٹ خریداری کا بائیکاٹ شروع کر دیا ہے جو ابتدائی طور پر 10 رمضان تک جاری رہے گا اور اگر اس کےباوجود فروٹ کی قیمتیں کم نہ ہوئیں تو 20 رمضان تک کےلئےبائکاٹ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ عوامی حلقوں نے کہا ہےکہ غریبوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی خاطر پھلوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا ہےکہ اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویژن کے لوگوں نے صرف 10 رمضان تک پھلوں کا بائیکاٹ کردیا تو اگلے بیس دن سکون سے گزر جائیں گے ۔ ادھر پھلوں کا بائکاٹ کرو مہم کے پہلے روز فروٹ کی خریداری میں پچاس فیصد تک کمی آ گئی ۔