تمام کالج سربراہان کو اپنے اداروں کی ویب سائٹ بنوانے کا حکم

March 28, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر)محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی آفیشل ویب سائٹ کا افتتاح، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے تمام کالجز کے سربراہان کو اپنے اپنے اداروں کی ویب سائٹ بنوانے کا حکم دے دیا، تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی آفیشل ویب سائٹ کا افتتاح کر دیا، اس سلسلے میں ایک افتتاحی تقریب ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی، جس میں ایڈیشنل سیکرٹریز عطاء الحق، طارق محمود اعوان، ڈپٹی سیکرٹری محمد شاہد ملک، ڈاکٹر عظیم قریشی اور متعلقہ افسران موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ اس ویب سائٹ کے ذریعے طلبہ کو ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے شعبہ جات، ترقیاتی منصوبوں اور اہداف کے حوالے سے معلومات حاصل ہوں گی، انہوں نے کہا کہ محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی ویب سائٹ ہائیر ایجوکیشن سے متعلقہ تمام معلومات کا احاطہ کرے گی اور اس کے ذریعے عوام کو محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے تعلیمی منصوبوں اور سروسز کے حوالے سے معلومات میں مدد ملے گی۔ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ جنوبی پنجاب کے تمام کالجز کی آفیشل ویب سائٹ تیار کرانے کے لیے سربراہان کو مراسلہ بھیجیں، انہوں نے کہا کہ ہر کالج کی سویب سائٹ کے ذریعے عوام کو عوامی تعلیمی منصوبوں کے پس منظر، مقاصد، قیام، ادارے کی تعلیمی خصوصیات، سلیبس اور انتظامی ڈھانچے سے متعلق آگاہی ہو سکے گی، محمد الطاف بلوچ نےمزید کہا کہ اس ویب سائٹ کے ذریعے محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی سرگرمیاں دنیا بھر میں آن لائن ہو گئی ہیں، محکمہ ہائیر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کو ویب سائٹ ایڈریس https://highereducation.southpunjab.gov.pk/پر وزٹ کیا جا سکتا ہے۔