• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

65ارب روپے کی لاگت سےانڈسٹریل پارکس قائم کئے جا رہے ہیں‘ عاشق حسین کرمانی

ملتان(سٹاف رپورٹر)وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیرِ صدارت لاہور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبہ پنجاب میں انڈسٹریل پارکس کے قیام بارے محکمہ زراعت و لائیو سٹاک کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری زراعت اُسامہ خان لغاری ،سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں، سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ، سپشل سیکرٹری زراعت آغا بنیل اختر،ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن محکمہ زراعت پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ 65 ارب روپے کی لاگت سے صوبے میں انڈسٹریل پارکس قائم کیے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں سرگودھا، بھکر، اوکاڑہ، خانیوال اور بہاولپور میں انڈسٹریل پارکس قائم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل پارکس میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں کی فہرستوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انڈسٹریل پارکس کے لیے زمین کی نشاندہی کے عمل کو مکمل کرنے کے حوالے سے متعلقہ فارمیشنز کو حتمی تاریخ دے دی گئی ہے۔سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ انڈسٹریل پارکس کے قیام کی جگہوں پر مٹی اور پانی کے تجزیے کے لیے متعلقہ فارمیشنز کو ٹاسک سونپ دئیے گئے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے اجلاس کو بتایا کہ انڈسٹریل پارکس کے قیام کے حوالے سے محکمہ زراعت کی سرگرمیوں اور پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی کی جا رہی ہے۔
ملتان سے مزید