ریسٹورنٹس، بیکریز، کریانہ سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کو جرمانے

March 28, 2023

ملتان(سٹاف رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملتان، وہاڑی، خانیوال اور لودھراں میں ریسٹورنٹس، بیکریز، کریانہ سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ، پنجاب پیور فوڈ رولز کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے کئے، 11 لٹر ایکسپائرڈ مشروبات، 5 کلو ممنوعہ اشیاء تلف کردی گئیں، تفصیلات کے مطابق ملتان میں تحصیل چوک بوسن روڈ پر ریسٹورنٹ کو کھانوں کی تیاری میں گلی سڑی سبزیوں کا استعمال، گندے فریزر میں اجزاء کی سٹوریج جبکہ جان محمد چوک پر بیکری کو پروسیسنگ ایریا میں سگریٹ نوشی کرنے، خام اجزاء پر لیبلنگ نہ ہونے اور پروڈکشن ایریا میں مکھیوں کی بھرمار پر 15، 15 ہزار روپے کے جرمانے کردیے گئے۔ اسی طرح ناردرن بائی پاس پر معروف ریسٹورنٹ کو صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر 7000 روپے،ڈاہا چوک خانیوال میں بیکری کو ایکسپائری مشروبات اور ریسپی مصالحہ جات بیچنے پر 10ہزار، 59 پل پر سویٹس شاپ کو مٹھائی کی تیاری میں رنگ کاٹ کی ملاوٹ، فاسٹ فوڈز کی تیاری میں کھلے مصالحہ جات کے استعمال جبکہ کریانہ سٹور کو ممنوعہ چائنہ نمک بیچنے پر 15، 15 ہزار روپے اوروہاڑی میں لڈن روڈ پر سویٹس شاپ کو زائدالمیعاد اشیاء فروخت کرنے پر 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔