ملتان (سٹاف رپورٹر) صوبائی حکومت نے پنجاب لینڈ ریونیو ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت زبانی لین دین کی بنیاد پر انتقالات کے اندراج اور منظوری پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے،پنجاب بورڈ آف ریونیو کے اس فیصلے کا مقصد زمینوں کی منتقلی کے عمل کو شفاف، قانونی اور مکمل طور پر دستاویزی بنانا ہے، کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے بورڈ آف ریونیو پنجاب کے نئے نوٹیفکیشن کی روشنی میں تمام ریونیو افسران کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے،انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کمشنر ملتان آفس کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداروں اور نائب تحصیلداروں کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ نوٹیفکیشن پر فوری عمل یقینی بنایا جا سکے۔کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے واضح کیا کہ ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف سروس رولز کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی،انہوں نے کہا کہ زبانی لین دین پر پابندی کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہے اور اس میں کسی قسم کی رعایت یا نرمی نہیں برتی جائے گی۔