میو ہسپتال: سی ای او کے بغیر ہی 7ارب کابجٹ استعمال ہونے کا انکشاف

March 29, 2023

لاہور ( جنرل رپورٹر ) میو ہسپتال میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کی پوسٹ ہی نہ ہونے کے باوجودسی ای او نے 7ارب سے زائد کا بجٹ استعمال کیا اس بات کا انکشاف آڈیٹر جنرل کی میو ہسپتال کے مالی سال 2021 اور 2022 کی آڈٹ رپورٹ میں ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق میو ہسپتال میں بغیر ڈی ڈی او اختیارات سی ای او نے ساڑھے 7 ارب کا بجٹ استعمال کیا ،آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے بعد ایم ایس میو ہسپتال نے آڈٹ رپورٹ سے متعلق سیکر ٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ قانون کی رو سے سی ای او کا عہدہ میو ہسپتال میں موجود نہیں۔ ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر منیر احمد کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر سے درخواست کی گئی ہے کہ ہسپتال کو قانون کے مطابق چلانے کیلئے اختیارات تفویض کئے جائیں اور ایم ایس آفس کو تمام تر اختیارات سونپے جائیں تاکہ تمام معاملات کو قانون کے مطابق چلایا جا سکے ۔محکمہ صحت کے ذرائع کےمطابق میو ہسپتال کے معاملہ پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کی آٹھویں میٹنگ کال کرلی ہے میٹنگ میں سیکرٹری صحت ، سپیشل سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری شامل ہوں گے جس میں میڈیکل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کو بھی میٹنگ میں بلالیا گیاٹیکنکل ورکنگ گروپ کے اجلاس میں محکمانہ اختیار کے حوالےسے تمام صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔