برطانیہ کے پاس 2025 تک 3 لاکھ مکان تعمیر کرنےکیلئے ورک فورس ہی نہیں

March 31, 2023

لندن (پی اے) ایک رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ برطانیہ کے پاس 2025تک300,000مکان تعمیر کرنے کیلئے ورک فورس ہی نہیں ہے۔برطانیہ میں مکانوں کی طلب پوری کرنے کیلئے 2030تک ایک ملین نئے مکانوں کی ضرورت ہوگی۔ مکانوں کی تعمیر کی راہ میں دوسری رکاوٹوں میں انتہائی بے ڈھنگے پلاننگ ریگولیشنز اور مکانوں کی تعمیر کیلئے مطلوبہ رقم کی کمی شامل ہے۔ مینوفیکچررس آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال صرف 11,000افراد نےتعمیراتی کورس مکمل کیا ہے اور ان میں سے بیشتر نے ہائوسنگ انڈسٹری میں اپنی ملازمت کا آغاز نہیں کیا ہے جبکہ روایتی تعمیراتی سیکٹر کو 2030تک نئے مکانوں کی تعمیر کا ہدف پورا کرنے کیلئے مزید 137,000 ورکرز کی ضرورت ہوگی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ ماڈیولر مکانوں کی تعمیر کے ذریعے یہ مسئلہ حل کیا جاسکتا ہے کیونکہ فیکٹری میں تیار شدہ مکانوں کیلئے مختلف طرح کے ورکرز کی ضرورت ہوتی ہے۔ Make UK کے اسٹیو کول کا کہنا ہے کہ لیبر کی کمی پر قابو پانے کیلئے حکومت کو ماڈیولر شعبے کو تیزی سے ترقی کرنے میں مدد دینی چاہئے کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ ماڈیولر مکان جلدی تیار ہوجاتے ہیں اور یہ گرمی اور بارشوں سے بچائو بھی فراہم کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ کم قیمت ماڈیولر مکانوں کی تعمیر میں کوئی اضافی خرچ نہیں آئے گا بلکہ اس سے کام جلد مکمل ہوسکے گا اور ماڈیولر فیکٹریز کو برطانیہ میں مکانوں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے پوری استعداد کےساتھ کام کرنا پڑے گا۔