ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان

March 31, 2023

اسلام آباد (نمائندہ جنگ )فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ، ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے مزید بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے ، کے الیکٹرک کےفروری کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے نیپرا ہیڈ کوارٹر میں عوامی سماعت گزشتہ روز مکمل ہوگئی عوامی سماعت چیئرمین نیپرا انجینئر توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت ہوئی ،نیپرا اعلامیہ کے مطابق کے الیکٹرک نے ایف سی اے کی مد میں 1 روپے66پیسے فی یونٹ اضافہ کی درخواست جمع کروائی تھی، نیپرا کی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے مطابق فروری کے ایف سی اے کی مد میں اضافہ 56پیسے سے لیکر 1روپے 7پیسے فی یونٹ تک بنتا ہے اور حتمی نمبربارے بعد میں مطلع کیا جائے گا،اسکا اطلاق صرف 1ماہ کے لئے کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر ہوگا، اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔