ذیابیطس کے مریض معالج کے مشورے سے روزہ رکھ سکتے ہیں، ڈاکٹر زمان شیخ

March 31, 2023

کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) ماہرا مراض ذیابیطس ڈاکٹر زمان شیخ نے کہا ہے کہ ذیابیطس کے مریض روزہ رکھ سکتے ہیں ایسے مریضوں کواپنے معالجین سے مشورہ کرکے اپنی ادویات کے اوقات کار میں تبدیلی لازمی لانا ہوگیتاہم شوگرکی حاملہ خواتین ، شوگرکے مریض جوڈائیلسس پر ہوں اورشوگرکے مرض میں مبتلا عمرہ رسیدہ اور محنت کش (مزدور) افراد ہائی رسک گروپ میں شامل ہیں۔ انہیں روزے رکھنے کے لئے انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے ان چاروں گروپس کے افراد روزے کے لئے اپنے معالجین سے مشورہ بھی کریں ۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئےماہر امراض ذیابطیس پروفیسر زمان شیخ نےبتایا کہ نارمل شوگر کے مریض روزے رکھ سکتے ہیں ۔دن میں روزے کے دوران 2بار خون میں شوگرکی مقدارکو بھی چیک کرسکتے ہیں ، خون میں شوگر کی سطح معلوم کرنے کے لئے 24گھنٹے میں 3بار شوگر چیک کی جاسکتی ہے شوگر چیک کرنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔ انہوں نے کہاکہ شوگرکے وہ مریض جوانسولین لگاتے ہیں ایسے مریضوں کو انسولین کے اوقات میں تبدیلی کرنا ہوگی، افطارکے فوری بعد اورسحری کھانے سے قبل انسولین لگا سکتے ہیں۔صبح والی انسولین افطارکے ٹائم پر لگائیں اور رات والی انسولین کوسحری (کھانے) سے قبل لگائیں لیکن سحری والی انسولین کی یونٹ کی شرح کو نصف کردیں۔ انہوں نے کہا کہ جومریض گولیاں کھاتے ہیں وہ اپنے معالج سے مشورہ کرکے ادویات کے اوقات تبدیل کریں، دل کے مریض اپنے معالجین کے مشورے سے روزے رکھیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شوگرکے مریض افطار میں چنے کی چاٹ، دہی بڑے اور فروٹ چاٹ کھا سکتے ہیں تاہم پکوڑے ، سموسے ذائقہ کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں ، ایسے مریضوں کوتلی ہوئی اشیاء سے پرہیزکرنا چاہئے۔ افطار اور سحری کے درمیان کم ازکم پانی کے 10گلاس پینا چاہئے۔