یورپین پارلیمنٹ میں نان فوڈ کنزیومر پراڈکٹس کے سیفٹی سے متعلق قواعد منظور

April 01, 2023

برسلز (حافظ اُنیب راشد) یورپین پارلیمنٹ نے 569ووٹوں کی اکثریت سے نان فوڈ کنزیومر پراڈکٹس کے پروڈکٹ سیفٹی سے متعلق نظر ثانی شدہ قواعد کی منظوری دے دی ہے۔ تازہ ترین قانون اس بات کو یقینی بنائے گا کہ یورپ میں مصنوعات چاہے آن لائن فروخت ہوں یا مقامی دکانوں میں، وہ اعلٰی ترین حفاظتی تقاضوں کی حامل ہوں۔ ان نئے قواعد کی منظوری کا پس منظر یہ ہے کہ 2021کے دوران 73فیصد یورپین صارفین نے آن لائن مصنوعات خریدیں جن میں سے 62فیصد مصنوعات یورپ سے باہر سے آئیں۔ ان قواعد کی محرک دیتا چرانزووا ایم ای پی کے مطابق اس کُل تعداد میں سے بھی خطر ناک کے ذیل میں آنے والی 50 فیصد سے زائد اشیاء چین سے آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کے ذریعے ہم نے اپنے سب کمزور صارفین یعنی بچوں اور بوڑھوں کا تحفظ کرتے ہوئے ان لوگوں کے خلاف ایک اہم قدم اٹھایا ہے جو یورپ میں محفوظ مصنوعات فروخت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ فروخت ہونے والی ہر پراڈکٹ میں کوئی ایک ایسا شخص ضرور ہونا چاہئے، چاہے وہ بنانے والا ہو یا امپورٹر، جو اس کی یورپ کے اندر ذمہ مکمل ذمہ داری لیتا ہو۔ اگر ایسا نہ ہوا تو ایسی تمام مصنوعات فروخت کرنے والی ویب سائٹس ان اشیاء کو 2دن میں ہٹانے کی پابند ہونگی۔ مذکورہ ممبر کے مطابق یورپ میں Dangerous کے زمرے میں آنے والی ان اشیاء سے ہونے والے حادثات کا تخمینہ 11.5ارب اور ان حادثات کے بعد علاج معالجے اور صحت کی دیکھ بھال پر آنے والی لاگت کا تخمینہ 6.7ارب یورو سالانہ ہے۔ ان خطرناک مصنوعات میں زیادہ تر ایسی اشیاء ہیں جن میں بیٹری ، موٹر اور بجلی کی تاریں استعمال ہوتی ہیں ۔ اس قانون کی مخالفت میں صرف 13ووٹ آئے اور کوئی غیر حاضر نہیں ہوا۔