الیکشن سے متعلق سوموٹو کیس کی سماعت کیلئے فل کورٹ تشکیل دیا جائے، راحب بلیدی

April 01, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ممبر جوڈیشل کمیشن آف پاکستان راحب خان بلیدی نے کہاہےکہ پنجاب اور خیبر پشتونخواہ میں الیکشن سے متعلق سوموٹو کیس کی سماعت کیلئے فل کورٹ تشکیل دیا جائے۔ بار بار بینچ ٹوٹنے کے بعد مخصوص بینچ سے فیصلہ کرانے سے سپریم جوڈیشری کی ساکھ متاثر ہوگی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس وقت کروڑوں پاکستانی عوام کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں اور بار بار بینچ ٹوٹنے سے کئی سوالات جنم لے رہے ہیں آج بھی پاکستان کے عوام میڈیا وکلاء چیف جسٹس آف پاکستان سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ اس کیس میں فل کورٹ کی تشکیل کیوں نہیں کی جاتی فل کورٹ کی تشکیل کیلئے پاکستان کے تمام سیاسی جماعتوں کے علاوہ پاکستان بار کونسل اور صوبائی بارکونسلز کا بھی مطالبہ ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان فوری طور پر فل کورٹ تشکیل دے من پسند بینچ کے فیصلے سے ملک میں انتشار اور انارکی پھیل سکتی ہے اور سپریم کورٹ کے ساکھ اور عدلیہ کی آزادی پر سوال اٹھ سکتے ہیں انہوں نے کہاہےکہ ملک بھر کے ہزاروں وکلاء ملک میں آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں آزاد باوقار عدلیہ پر یقین رکھتے ہیں چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ موجودہ الیکشن سوموٹو کیس کی سماعت فل کورٹ کے ذریعے کرے کسی بھی سیاسی جماعت کو کسی جج کے جانبداری پر کوئی اعتراض آئے تو انہیں بینچ سے علیحدہ ہونا چاہیے۔