اسلام کو سازش کے تحت دہشتگردی سے نتھی کیا گیا، پرویز اشرف

April 02, 2023

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی، خصوصی نمائندہ) قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ایک سازش کے تحت اسلام کی روشن خیالی پر پردہ ڈال کر امن وآشتی کے دین کو دہشت گردی اور تنگ نظری سےنتھی کیا گیا ،ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریؓ کا وجود اسلام کے عظمت نسواں کے تصور کا مظہر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختار آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبری ؓ کے وصال کی مناسبت سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ’ملیکۃ العرب کانفرنس ‘ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سیکرٹری جنرل علامہ بشارت حسین امامی نے کہا کہ حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ نے نہ صرف اسلام کی بنیادوں کو مضبوط کیابلکہ اپنی اولاد کے ذریعے تا ابد اسلام کی حفاظت کا سامان بھی کردیا۔بری امام کے سجادہ نشین سید محمد علی گیلانی نے کہا کہ ذکر حسین ؓکے ساتھ فکر حسین کو بھی عام کر نا ہوگا، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل خطیب اہلسنت حافظ اقبال رضوی نے کہا کہ حضرت خدیجہ الکبریؓ ہر زمانے کی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں ، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سیکرٹری اطلاعات علامہ قمر حیدر زیدی نے کہا کہ حضرت خدیجۃ الکبریؓ کی سیرت کی پیروی دنیا و آخرت میں نجات کی ضمانت ہے ، صاحبزادہ عثمان غنی نے کہا کہ ہر مسلمان اور کلمہ گو حضرت خدیجۃ الکبریؓکا ممنون احسان ہے ، پیر آف موہڑۃ شریف گل بادشاہ ، علامہ شکیل اختر، شیخ ندیم ، پیر لیاقت علی نقشبندی ، پیر محمود سہارنپوری ، شکیل اختر ، پروفیسر عبد الحمید مدنی نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔