توڑ پھوڑ سے متعلق کیس کی سماعت گرفتار پی ٹی آئی کارکنوں کی شناخت پریڈ رپورٹ نہ پیش کئے جانے پر ملتوی

April 02, 2023

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے 18 مارچ کو عمران خان کی پیشی کے موقع پر توڑ پھوڑ سے متعلق کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کارکنوں کی شناخت پریڈ رپورٹ نہ پیش کئے جانے پر سماعت ملتوی کر دی ۔ ہفتہ کو سماعت کے دوران تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ میں گرفتار 75 پی ٹی آئی کارکنوں کو عدالت پیش کیا گیا، اس موقع پر تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے لیکن شناخت پریڈ رپورٹ جمع نہ کروائی جا سکی ۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شناخت پریڈ رپورٹ اسسٹنٹ کمشنر کی چھٹی کے باعث پیش نہیں کی جا سکی ۔عدالت نے شناخت پریڈ رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت میں وقفہ کر دیا ۔ اس موقع پر پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ شناخت پریڈ رپورٹ میں جن کارکنان کی شناخت نہیں ہو سکی ان کو بلاجواز حراست میں نہیں رکھا جا سکتا ، اس پر عدالت نے کہا کہ شناخت پریڈ رپورٹ کا 2:30 بجے تک انتظار کر لیتے ہیں جس کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہونے پر ہفتہ کی چھٹی کے باعث اسسٹنٹ کمشنر پیش نہ ہوئے اور نہ شناخت پریڈ رپورٹ عدالت پیش کی جا سکی جس پر عدالت نے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت تک شناخت پریڈ کی مفصل رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں بتایا جائے کہ کتنے کارکنوں کی شناخت ہوئی اور کتنے کارکنان کی شناخت نہیں ہو سکی ، عدالت نے مزید سماعت 3 اپریل تک ملتوی کر دی۔