سی ڈی اے نے دو ہاؤسنگ پراجیکٹس کو غیرقانونی قرار دیدیا

April 02, 2023

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) سی ڈی اے کے پلاننگ ونگ نے سری نگر ہائی وے سے ملحقہ سیکٹر ایچ تیرہ اور ایچ سترہ زون ون میں نارتھ پراپرٹیز اور الرحمن ہائٹس پراجیکٹس کو غیر قانونی قرار ددیدیا ۔ ڈائریکٹر اربن پلاننگ نے پبلک نوٹس جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ سب ڈویژن اور ڈویلپمنٹ غیر قانونی ہےجس کی مارکیٹنگ کی جا رہی ہے۔پبلک نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ آئی سی ٹی زوننگ ریگولیشنز1992کے تحت سیکٹر ایچ سترہ اور تیرہ اداروں کیلئے مختص ہےلہذا کسی بھی نجی سپانسر یا ڈویلپر کو ان سیکٹرز میں ہائوسنگ سکیم یا لینڈ سب ڈویژن کی اجازت حاصل نہیں ہے۔نوٹس میں شہریوں کو خبر دار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے مفاد میں ایسی سکیموں میں سر مایہ کاری سے دور رہیں اور سر مایہ کاری سے قبل سی ڈی اے سے سکیم کا سٹیٹس چیک کرلیں۔ سی ڈی اے نے غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے ڈویلپرز ‘ سیلرز‘ بلڈرز‘ آر کیٹیکٹس‘ اسٹیٹ ایجنٹس کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ ایسی غیر قانونی سر گر میوں اور لوگوں سے فراڈ کرنے سے باز رہیں۔سی ڈی اے نے آئیسکو ‘ سوئی گیس کمپنی اور پی ٹی سی ایل سے بھی درخواست کی ہے کہ ایسی غیر قانونی ہا ئوسنگ سکیموں میں کنکشن جیسی خدمات نہ دیں۔