جماعت میں رکعت ملنے کا مسئلہ

May 12, 2023

آپ کے مسائل اور ان کا حل

سوال: جماعت کی نماز میں رکعت کس صورت میں مل جاتی ہے؟

جواب: جماعت کی نماز میں اگر کوئی شخص تکبیرِ تحریمہ کہہ کر امام کی اقتداء امام کے رکوع سے اٹھنے سے پہلے کرلے، اگرچہ ایک لمحے کے لیے بھی امام کے ساتھ رکوع میں شریک ہوجائے تو اسے رکعت پانے والا شمار کیا جائے گا، (خواہ رکوع میں ایک مرتبہ بھی تسبیح نہ کہہ سکے، خواہ تکبیر تحریمہ کے بعدرکوع کی مستقل تکبيرنہ کہی ہو )۔ تاہم اگر امام حالتِ رکوع میں ہو اور موقع ہو تو آنے والے شخص کو چاہیے کہ قیام کی حالت میں تکبیر تحریمہ(اللہ اکبر) کہہ کر دوبارہ (اللہ اکبر)کہہ کر رکوع میں چلا جائے۔

اگر ایسا ہو کہ رکوع میں پہنچنے سے پہلے امام رکوع سے اٹھ گیا تو اقتداء صحیح ہو جائے گی، لیکن یہ رکعت پانے والا شمار نہیں ہوگا، امام کےسلام کے بعد اس مقتدی کو کھڑا ہو کر ایک رکعت پڑ ھنی ہو گی۔ (رد المحتار علیٰ الدر المختار، کتاب الصلاۃ، باب صفۃ الصلاۃ، قبيل مطلب فی حديث: الأذان جزم،1/480، 481، ط: سعيد. و كذا فی المحیط البرھانی، کتاب الصلاۃ، الفصل الثالث والثلاثون فی بيان حکم المسبوق واللاحق، 2/211 ط: دار الکتب العلميۃ،بيروت)