9 مئی کے واقعات کی ذمہ دارموجودہ حکومت ہے، چوہدری رشید

May 28, 2023

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) وٹفورڈ کمیونٹی کی سیاسی وسماجی شخصیت سابق کونسلر چوہدری رشید نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے حکمران ملک میں عام انتخابات کر ا کر قانون و انصاف کی بالادستی قائم کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔ چوہدری رشید نے کہا یہ بہت بڑا ظلم ہے کہ ملک میں عام انتخابات کرانے کے بجائے پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان پر سیاسی مقدمات بنانے شروع کر دیئے گئے ہیں ایسے معاملات دنیا کے کسی ملک میں نہیں ہوتے، چوہدری رشید نے کہا ملک میں 9 مئی کو ہونے والی توڑ پھوڑ ، گھیراؤ جلاؤ ، قومی املاک پر حملے کی زمہ داری موجودہ حکومت پر عائد ہوتی ہے، انہوں نے کہا وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے لندن سے پاکستان واپس جا کر قوم سے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کے بجائے گھیراؤ جلاؤ کی سیاست شروع کر دی ، ملک کسی اور سقوط ڈھاکہ کا متحمل نہیں ہو سکتا، حکمران ہوش کے ناخن لیں ، ملک میں پی ٹی آئی کے خلاف سیاسی و انتقامی کارروائیوں کو بند کیا جائے ، پاکستان کے حکمراں ان بدعنوان سیاستدانوں کے باعث بیرون ملک پاکستان کی بدنامی ہو رہی ہے، پاکستان کی صورتحال انتہائی نازک شکل اختیار کر چکی ہے، دوسری طرف بھارت،پاکستان کا اقتصادی و معاشی محاصرہ کر نے کیلئے یورپ و امریکہ میں متحرک ہے۔ انہوں نے کہا جی 20 کانفرنس کے انعقاد سے مسئلہ کشمیر ختم نہیں ھوا ۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی حمایت حاصل کر کے ریاست جموں کشمیر پر اپنی حاکمیت اعلیٰ برقرار رکھنا چاہتا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ آزاد کشمیر حکومت اور پاکستان کی حکومت آزاد کشمیر میں سیاحت کو بہتر بنانے کیلئے او آئی سی اور یورپین ملکوں کی کانفرنس مظفرآباد میں بلائےجس سے دونوں حکومتوں کو زرمبادلہ حاصل ہوگا۔