رضویہ تھانے پر مجسٹریٹ کا چھاپہ، شہری بازیاب

May 28, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سیشن جج سینٹرل کے احکامات پر رضویہ تھانے پر مجسٹریٹ نے چھاپہ مار کر حبس بے جا میں رکھے شہری کو بازیاب کرالیا۔ تفصیلات کے مطابق بریسٹر فیاض احمد سمور کے توسط سے شہری ریحان کے اہلخانہ نے سیشن جج وسطی کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ ریحان کو اغوا کرلیا گیا ہے اور رضویہ تھانے سے کال کرکے پیسے مانگے جارہے ہیں۔ سیشن جج نے مجسٹریٹ کو شہری کو بازیاب کرانے کا حکم دیدیا۔ چھاپے کے دوران حبس بے جا میں رکھے گئے شہری ریحان کو بازیاب کرالیا گیا۔ بیرسٹر فیاض سمور کے مطابق شہری کو ملیر میں واقع نجی سوسائٹی سے اغوا کرکے رضویہ تھانے میں حبس بے جا میں رکھا گیا تھا۔ شہری پر تشدد کرکے اہلخانہ سے 25 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔ شہری ریحان احمد کی تھانے میں کسی قسم کی انٹری نہیں کی گئی تھی۔ایس ایچ او رضویہ غلام نبی آفریدی چھاپےکے دوران فرار ہو گئے۔