کراچی(اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عزم ظاہر کیا ہے کہ میں پورے شہر کی خدمت کروں گا،انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں مخالفین بھی ترقیاتی کاموں پر خوش ہوتے ہیں، مگر ہمارے ہاں منافقین اس پر رونا دھونا شروع کر دیتے ہیں! وہ ہفتے کو یہاں شیریں جناح کالونی میں گرین بیلٹ پارک کا افتتاح کررہے تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ وہ چاہے لیاقت آباد ہو، اورنگی ہو یا شیریں جناح کالونی! میں پورے شہر کی خدمت کروں گا، یہ جگہ ماضی میں کچرا کنڈی ہوا کرتی تھی، مگر منتخب بلدیاتی نمائندوں کی توجہ نے اسے ایک خوب صورت اور بہتر پارک میں تبدیل کر دیا، ماضی میں بلدیاتی منتخب نمائندے فطرے اور زکوٰۃ کی پرچیاں تقسیم کرتے تھے،لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کے سپاہی آج شہر کو بہتر بنا رہے ہیں، ہم شہر میں مزید ترقیاتی کام کریں گے جو رواں برس سب کو نظر آئیں گے، جب کہ آنے والے دنوں میں شہریوں کے لیے مزید خوشخبریاں لے کر آئیں گے۔