کے پی ٹی ٹیرف چارجز 20 سینٹ بڑھا رہے ہیں، فیصل سبزواری

May 28, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ کے پی ٹی کے مالیاتی وسائل بہت محدود ہوگئے،اس لئے اب ٹیرف چارجز 60سینٹ سے بڑھا کر 80سینٹ کر رہے ہیں جس سے صنعتکاروں کی پیداواری لاگت میں صرف 1.5فیصد کا معمولی اضافہ ہوگا۔ ابوظہبی سمیت دیگر گلف ممالک سے 50 کروڑ ڈالر کا معاہدہ ہونے جارہا ہے۔ بین الحکومتی معاہدے کی پالیسی مرتب کرلی ہے جس کی سمری پیر کے روز وزارت قانون کو ارسال کی جائے گی۔ سمری منظور ہونے کی صورت میں آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر فراز الرحمان، نائب سرپرست اعلیٰ زبیر چھایا، سینیٹر عبد الحسیب خان، سینئر نائب صدر نگہت اعوان، نائب صدر مسلم محمدی، چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی ریئر ایڈمرل (ر) ناصر شاہ،سی ای او کائیٹ لمیٹڈ زاہد سعید، سابق صدور مسعود نقی، گلزار فیروز، جوہر قندھاری، دانش خان، شیخ عمر ریحان، سید فرخ مظہر، ایڈمنسٹریٹر کورنگی محمد شریف خان ودیگر موجود تھے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور نے مزید کہا کہ پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے ساتھ جی ٹو جی ایکٹ کے تحت کام کر رہے ہیں، جس میں بلک ٹرمینلز سمیت تین منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم میں 1250ایکڑاراضی پرانڈسٹریل پارکس قائم کیئے جائیں گے، جہاں بیرونی سرمایہ کارانڈسٹریل پارکس میں سرمایہ کاری کی دلچسپی رکھتے ہیں انہیں سہولیات فراہم کرے گی۔