کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے جعلی میڈیکل دستاویزات پر امریکی ویزا حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کے مطابق دو ملزمان عمران نذیر سلہری اور محمد توصیف خان کو امریکی قونصلیٹ کراچی کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔ایف آئی اے نے بتایا کہ سیالکوٹ کے رہائشی ملزم عمران نذیر سلہری نامی شخص نے اپنے بیٹے کی بیماری کے جعلی میڈیکل دستاویزات جمع کروا کر کر b1/b2 ویزہ کے لیے درخواست دی ۔دوران تفتیش معلوم ہوا کہ جمع کروائی گئی میڈیکل دستاویزات جعلی ہیں ۔ملزم نے ستمبر 2024 میں اپنے دوست غضنفر کے ذریعے تبسم ضیاء نامی ایجنٹ سے رابطہ کیا اور بعد ازاں اسلام آباد میں اس سے ملاقات کی۔ملزم کے ایجنٹ سے 25 لاکھ روپے میں معاملات طے ہوئے جبکہ 2 لاکھ روپے ایجنٹ کو ملزم نے ایڈوانس رقم بھی دی۔ایجنٹ تبسم نے اسے اپنے پارٹنر صفیان عباس سے بھی ملاوایا۔دوسری کارروائی میں واہ کینٹ کے رہائشی محمد توصیف خان کو گرفتار کیا گیا۔حکام کے مطابق ملزم نے اپنی بیٹی کا امریکہ میں علاج کروانے کے لیے جعلی میڈیکل دستاویزات اور ریکارڈ جمع کروایا اور امریکہ ویزہ کے حصول کے لیے واہ کینٹ کے رہائشی عقیل منظور نامی ایجنٹ کو 60 ہزار روپے دئیے جبکہ کام پورا ہونے پر 10 لاکھ روپے مزید دینے پر معاملات طے ہوئے۔ایف آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف دو الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ تین ایجنٹس اور سہولت کاروں کا بھی پتا لگایا گیا ہے جن کی گرفتاری کے لیے کوشش جاری ہے۔