اسلام آباد (محمد صالح ظافر )فجر کی اذان کے ساتھ شروع ہوئے آپریشن بنیان مرصوص نے مغرب سے پہلے ہی بھارتی ہزیمت کا مژدہ سنادیا،آج دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز آئندہ رابطوں کے بارے لائحہ عمل طے کریں گے،دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز نے قومی سلامتی کے مشیروں کے رابطے کی راہ ہموار کی تھی ،آپریشن بنیان المرصوص نے "فالس فلیگ آپریشن " کا پھاٹک ہمیشہ کے لئے بند کر دیا ہے،پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کو موثر طور پر نافذ کرنے اور دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کے رابطے کے لئے لائحہ عمل آج (اتوار) کی دوپہر پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز میجر جنرل عبد اللہ کاشف اور ان کے بھارتی ہم منصب لیفٹننٹ جنرل راجیوگیسو میں ہاٹ لائن کے ذریعے گفتگو میں طے کیا جائے گا۔جنگ اور دی نیوز کو حد درجہ قابل اعتماد ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان گزشتہ سے پیوستہ منگل کو رابطہ ہوا تھا جس میں سرحدوں کی زمینی صورتحال پر گفتگو ہوئی تھی ۔ جس کی تفصیلات بھارتی ذرائع نے افشا کی تھیں تاہم بھارت اس پر کاربند نہ رہا ۔