اسلام آباد ( طاہر خلیل ) جھوٹ کے پائوں نہیں ہوتے، سچ کو چھپایا نہیں جا سکتا ایسا ہی کچھ پہلگام (22 اپریل) کے واقعے پر ہوا جب بھارت نے دہشت گردانہ حملے کے 10 منٹ کے اند ر ہی پاکستان پر بے بنیاد الزامات کے ساتھ بے بنیاد ،مذموم اور زہر یلا پروپیگنڈہ کمپین شروع کر دی اور خطے میں ایک میڈیا وار کا آغاز ہوا۔ بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف پاکستانی میڈیا نے دنیا کے سامنے نا قابل تردید ثبوت کے ساتھ حقائق پیش کئے ، جس پربھارتی شہریوں نے مودی حکومت کی ناقص سیکورٹی پر سوالات اٹھا دیئے ،جنگھاڑنے والے بھارتی چینلز پر جنگ بندی کے اعلان کے بعد سناٹا طاری ہو گیا ،بھارتی میڈیا کو منہ کی کھانا پڑی ، 3 روز جنگ میں پاکستان کے پاس سچائی اور حقائق تھے جبکہ بھارت کے میڈیا اور اسکے ماہرین نے بھی جھوٹ پر مبنی بیانیے کا سہارا لیا، کہا گیا کہ پاکستان کا پائلٹ گرفتار ہوا، بھارتی شہری پوچھتے رہے ،پائلٹ کا نام بتا دیں یا چہرہ دکھا دیں لیکن ان کے پاس کچھ نہ تھا۔ پاکستانی میڈیا کے مضبوط دلائل سے بھارتی عوام کی آنکھیں بھی کھل گئیں ،دفاعی ماہر ین سمیت عام شہریوں نے مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا،جھوٹ پر کھڑی مودی حکومت اپنے بیانیے کو تار تار ہوتے دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی۔